05 اکتوبر ، 2022
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نئے ویزا پروگرام پر عملدرآمد 3 اکتوبر سے شروع ہوگیا ہے۔
اس ویزا پروگرام کا اعلان اپریل 2022 میں کیا گیا تھا اور اس کے تحت ویزا قوانین کو آسان بنایا گیا ہے۔
مگر ملازمت کے خواہشمند افراد کو یو اے ای کے نئے ویزا قوانین سے سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔
گزشتہ ماہ ایک سروے میں بتایا گیا تھا کہ 70 فیصد اماراتی کمپنیاں 2023 میں نئی بھرتیاں کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ یو اے ای کی جانب سے ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے ویزا پروگرام کو پیش کیا گیا ہے تاکہ باصلاحیت افراد کی توجہ حاصل کی جاسکے۔
وزارت انسانی وسائل کے مطابق دنیا کی 500 ٹاپ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے افراد اس پروگرام کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت کسی اسپانسر یا میزبان کی شرط کو ختم کردیا گیا ہے۔
پروگرام کے لیے اہل افراد کی کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن رکھی گئی ہے۔
یہ بنیادی طور پر ملٹی انٹری ویزا ہوگا جس کی کم از کم معیاد 60 دن ہوگی۔
60 روزہ ویزے کی فیس 1495 درہم (90 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔
اسی طرح 90 دن کے ویزے کے لیے 1655 درہم (ایک لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ادا کرنا ہوں گے جبکہ 120 روزہ ویزے کی فیس 1815 درہم (ایک لاکھ 10 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگی۔
ملازمت کے خواہشمند افراد کو ری فنڈ ایبل سکیورٹی ڈپازٹ بھی جمع کرانا ہوگا جو 1025 درہم (62 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہوگا۔