پاکستان
Time 06 اکتوبر ، 2022

پشاور میں ٹی وی شو میں شرکت پر ڈاکٹر فارغ، ینگ ڈاکٹرز کا اوپی ڈی کے بائیکاٹ کا اعلان

ڈاکٹرکرامت کے واقعے کے خلاف کل ٹیچنگ اسپتالوں کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کریں گے، اسپتالوں میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی: ڈاکٹر اسفندیاربھٹنی — فوٹو: فائل
ڈاکٹرکرامت کے واقعے کے خلاف کل ٹیچنگ اسپتالوں کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کریں گے، اسپتالوں میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی: ڈاکٹر اسفندیاربھٹنی — فوٹو: فائل

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے ٹی وی شو میں شرکت کرنے پر اسپتال کے ٹرینی میڈیکل آفیسر کو فارغ کردیا، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے احتجاجاً کل سے صوبے کے ٹیچنگ اسپتالوں میں او پی ڈی کےبائیکاٹ کا فیصلہ کرلیا۔

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے ٹی وی شو میں شرکت کرنے پر اسپتال کے ٹرینی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کرامت اللہ کو ٹریننگ سے فارغ کردیا ہے، انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر کرامت اللہ کی ٹی وی شو میں شرکت کو ضابطہ قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایسوسی ایٹ ڈین ایل آرایچ نے ڈاکٹر کرامت اللہ کا ٹریننگ سے ٹرمینیشن لیٹرجاری کردیا، لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈاکٹر کرامت اللہ نے لیڈی ریڈنگ اسپتال پالیسی کی کئی بار خلاف ورزی کی اور وہ اسپتال انتظامیہ کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا بھی کرتے رہے۔

دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر ڈاکٹر اسفندیاربھٹنی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹرکرامت نے شواہد کی روشنی میں لیڈی ریڈنگ اسپتال میں کرپشن کے خلاف آواز بلند کی بدقسمتی سے جب ڈاکٹرز کرپشن کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں تو انہیں برطرف کردیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرکرامت کے واقعے کے خلاف کل ٹیچنگ اسپتالوں کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کریں گے، اسپتالوں میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروسز فراہم کی جائیں گی۔

مزید خبریں :