06 اکتوبر ، 2022
کراچی: ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک کی ٹیم نے پی ٹی آئی کیلئے غیرقانونی طور پر رقوم کی پاکستان منتقلی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما طارق شفیع کے گھر چھاپہ مارا۔
پاکستان تحریک انصاف کے لیے بیرون ممالک سے غیر قانونی طور پر رقم پاکستان منتقل کرنے کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے عہدیدار اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دست راست طارق شفیع کی گرفتاری کے لیے اسٹیٹ بینک سرکل حکام نے ان کے گھر پر چھاپا مارا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک سرکل کی ٹیم کے ڈی اے اسکیم ون میں طارق شفیع کی رہائش گاہ پہنچی تو اس وقت طارق شفیع گھر پر موجود نہیں ملے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اسٹیٹ بینک سرکل کراچی میں اس سلسلے میں 5 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا جس میں سید عارف مسعود نقوی، طارق شفیع اور محمد رفیع لاکھانی نامزد ملزم ہیں جب کہ رقوم کی غیر قانونی منتقلی میں شامل ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو بھی ایف آئی آر میں شامل کیا گیا ہے۔