06 اکتوبر ، 2022
ترکیہ میں ترکش ائیر لائن کی اندرون ملک پرواز کی انطاکیہ میں لینڈنگ کے دوران طیارے کے تمام ٹائر پھٹ گئے۔
مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے جہاز سے نکالا گیا، تاہم غیر معمولی ہنگامی صورت حال کے باوجود تمام مسافر محفوظ رہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکش ائیر لائن کی پرواز ٹی کے 2256 گزشتہ رات 01:43 بجے استنبول سے ترکیہ کے جنوبی صوبہ ہاتے کے دارالحکومت انطاکیہ کے لیے روانہ ہوئی۔
بوئنگ 737 بی ایف 2 طیارے نے انطاکیہ ائیرپورٹ کے رن وے نمبر 4 پر لینڈ کیا، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق TC-JVN رجسٹریشن کے 6 سال پرانے طیارے (مارچ 2016) کے لینڈنگ کے دوران تمام ٹائر بری طرح پھٹ گئے تاہم خوش قسمتی سے طیارہ حادثے کا شکار ہونے سے بال بال بچ گیا۔
اس ہنگامی صورت حال کے دوران مسافروں کو ایمرجنسی سلائیڈز کے ذریعے طیارے سے نکالا گیا۔
طیارے میں سوار 104 مسافر اور عملے کے 6 ارکان محفوظ رہے، ائیرپورٹ شیڈول کے مطابق اس حادثےکے بعد انطاکیہ ایئرپورٹ کو کئی گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا، اس دوران ڈیڑھ درجن سے زائد پروازوں کی آمدورفت معطل رہی۔