Time 07 اکتوبر ، 2022
پاکستان

عمران خان کے ارادوں کا پتا ہے، لانگ مارچ کو ہر صورت ناکام بنائیں گے: وزیر داخلہ

فرح گوگی عمران خان کی فرنٹ مین تھی، کسی کو چور اور کسی کو ڈاکو کہا گیا اور اپنا کردار فرح گوگی ہے: رانا ثنا اللہ۔ فوٹو فائل
فرح گوگی عمران خان کی فرنٹ مین تھی، کسی کو چور اور کسی کو ڈاکو کہا گیا اور اپنا کردار فرح گوگی ہے: رانا ثنا اللہ۔ فوٹو فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ہمیں عمران خان کے ارادوں کا پتا ہے اور ہم پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا اگر پی ٹی آئی جمہوری اور قانونی طریقے سے احتجاج کرنا چاہتی ہے یا دھرنا دینا چاہتی ہے تو ہم انہیں سہولت بھی دیں گے اور اجازت بھی دیں گے لیکن اگر وہ اسلام آباد کی طرف چڑھائی کرنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں روکیں گے اور اس انداز میں روکیں گے کہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہو گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کرے پھر دیکھے ہم کیا کرتے ہیں، ہمیں عمران خان کے ارادوں کا پتا ہے، لانگ مارچ کو ناکام بنانے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرح گوگی عمران خان کی فرنٹ مین تھی، کسی کو چور اور کسی کو ڈاکو کہا گیا اور اپنا کردار فرح گوگی ہے، یہ کہتا ہےمیں نیٹ اینڈ کلین ہوں، ویسے عدالتی نیٹ اینڈکلین تویہ ہے، عمران خان کسی بھی طریقے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں لیکن پاکستان کے مستقبل کے لیے اس فتنے کی سرکوبی ضروری ہے۔

سائفر کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پوری خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کر دیا، کیا اس کے بعد کوئی سفیر آپ کے ملک کو سائفر بھیجے گا، ایک جھوٹا بیانیہ گھڑنے کے لیے قوم کے ساتھ کھیل کھیلا گیا، عمران خان نے اتنا نقصان پہنچایا کہ اس کے اثر کو کئی دہائیوں تک برداشت کرنا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فتنہ بے نقاب ہو رہا ہے اور قوم کو اس کی شناخت بھی ہو رہی ہے، یہ قوم کا بھی فرض ہے کہ اس بڑے فتنے کا ادراک کرے، اس شخص نے نوجوانوں کو گمراہ کیا اور حلف لیا، عمران خان قوم کو تقسیم کر رہا ہے، آج آڈیو لیک ہونے کے بعد رہی سہی کسر بھی پوری ہو گئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا جن دنوں تحریک عدم اعتماد لائی گئی یہ ان دنوں کی بات ہے، یہ فتنہ خان کہہ رہا تھا کہ آپ کو غلط فہمی ہوگئی ہے کہ نمبر گیم پورا ہو گیا ہے، یہ اس کا مکروہ چہرہ ہے کہ 5 ایم این اے تو میں خرید رہا ہوں۔

مزید خبریں :