08 اکتوبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی طبیعت اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے سے متعلق تفصیلات شیئر کی ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا 'میری شاہین شاہ آفریدی سے بات ہوئی ہے جو ورلڈ کپ کے لیے خود کو 110 فیصد فٹ محسوس کررہے ہیں'۔
پی سی بی چیئرمین نے بتایا کہ ' شاہین شاہ آفریدی ورلڈ کپ سے قبل مکمل فٹ ہوجائیں گے، فاسٹ بولر نے مجھے بتایا ہے کہ اب وہ بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، ڈاکٹرز نے بھی ویڈیو بھیجی تھی، شاہین 90 فیصد فٹ ہیں'۔
دوران انٹرویو رمیز راجہ نے کہا کہ ' شاہین آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل کچھ پریکٹس میچز بھی کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ 'گھٹنے کی انجریز بعض اوقات نازک ہوسکتی ہیں، اس حوالے سے ہماری گفتگو بھی ہوئی کہ اگر شاہین آفریدی مکمل فٹ نہیں ہوتے تو ان کو کھلانے کا رسک نہیں لیا جائے گا'۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 18 اکتوبر کو پاک بھارت ٹاکرا ہوگا۔