11 اکتوبر ، 2022
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں منگل کے روز سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا چوتھا میچ کھیلا گیا جس میں کیویز نے شاہینوں کو 9 وکٹوں سے شکست دی۔
اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیتا اور بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی۔
آج کے میچ میں قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر مکمل 20 اوورز کھیلے لیکن حیران کن طور پر کوئی بھی بیٹر ایک چھکا بھی نہ لگا سکا۔
اس سے قبل ایسا 2014 میں دبئی میں ہوا تھا جب پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف پورے 20 اوورز کھیلے تھے اور اس اننگز میں ایک بھی چھکا نہیں لگا تھا۔
ٹوئٹر پر جاری بحث:
میچ کے بعد کرکٹ کے اعداد و شمار سے آگاہ کرنے والے صارف مظہر ارشد نے ٹوئٹ کی اور بتایا کہ 'پاکستان نے 8 سال میں پہلی بار مکمل ٹی ٹوئنٹی اننگز میں ایک بھی چھکا نہیں لگایا'۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 'مکمل ٹی ٹوئنٹی اننگز' میں آل آؤٹ یا میچ کا اختتام بھی شامل ہے اسی وجہ سے ان کی ٹوئٹ کے بعد صارفین الجھن کا شکار ہوگئے۔
یہ ٹوئٹ دراصل پورے 20 اوورز کھیلنے کے باوجود ایک بھی چھکا نہ لگانے کے حوالے سے ہے۔
2014 سے 2022 تک پاکستان نے مکمل ٹی ٹوئنٹی اننگز میں کئی بار چھکے نہیں لگائے
2016 میں پاکستان نے میرپور میں کھیلتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ میں ایک بھی چھکا نہیں لگایا تھا۔
اس میچ میں پاکستان کی ٹیم 17.3 اوورز میں 83 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور بھارت کو 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
2017 میں ابو ظہبی میں ہونے والے پاکستان بمقابلہ سری لنکا میں شاہینوں نے 102 رنز کا ہدف 17.2 اوورز میں حاصل کرلیا تھا، اس اننگز میں بھی ایک چھکا نہیں لگا اور میچ میں پاکستان نے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔
اگر بات کی جائے 2019 میں لاہور میں پاکستان اور سری لنکا کے میچز کی تو اس میں پاکستان کو 166 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 17.4 اوورز میں 101 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی اور اننگز میں کوئی چھکا نہیں لگا تھا، اس میچ میں سری لنکا 64 رنز سے کامیاب رہا تھا۔
بنگلا دیش کے خلاف 2020 میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان نے 142 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں حاصل کیا تھا جس میں ایک بھی چھکا نہیں لگایا گیا، اس میچ میں پاکستان 5 وکٹوں سے جیت گیا تھا۔