عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ ،"مجھے یہ اعلان کرتےہوئےنہایت خوشی ہےکہ شوکت خانم جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سے فل انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے والا دنیا کا دوسرا ادارہ بن چکا ہے "
12 اکتوبر ، 2022
سوشل میڈیا صارفین نے حال ہی میں دعویٰ کیا کہ شوکت خانم کینسر اسپتال دنیا کا وہ دوسرا ہیلتھ کیئر ادارہ نہیں ہے جس کی امریکا میں قائم جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل نے منظوری دی ہے۔
یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔
دعویٰ
4 اکتوبرکو، سابق وزیر اعظم اور شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ کیا کہ ،"مجھے یہ اعلان کرتےہوئےنہایت خوشی ہےکہ شوکت خانم جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سے فل انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے والا دنیا کا دوسرا ادارہ بن چکا ہے "۔
تاہم ٹوئٹر صارفین نے عمران خان کے بیان پر اختلاف کیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ شوکت خانم پاکستان میں جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل اور دنیا میں 2,201کی طرف سے مکمل انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے والی 5 ویں تنظیم تھی، اس نے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی ویب سائٹ کا ایک لنک بھی پوسٹ کیا۔
ایک اور ٹوئٹر اکاؤنٹ میں پوسٹ کیا گیا کہ دنیا میں جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سے منظور شدہ صحت کی دیکھ بھال کرنے والی 22,000 تنظیمیں ہیں اور پاکستان میں چار ہیں، ان کے ٹوئٹ کو 2000 سے زیادہ لائکس اور 500 ری ٹوئٹس ملے۔
حقیقت
شوکت خانم اسپتال دنیا کا دوسرا ادارہ ہے جسے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل کی طرف سے "انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن" دیا گیا ہے۔
جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل (JCI)، جس کا صدر دفتر الینوائے، ریاست ہائے متحدہ امریکا میں ہے، دنیا بھر میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والی ان تمام تنظیموں کی منظوری دیتا ہے اور تصدیق کرتا ہےجو مریضوں کی حفاظت کے اعلیٰ معیارات پر پورا اترتی ہیں۔
ایکریڈیٹیشن ایک طرح کا ایوارڈ ہےجسے "منظوری کی سونے کی مہر " کے نام سے جانا جاتا ہے جیسا کہ سوشل میڈیا صارفین نے اشارہ کیا کہ اسے دنیا بھر میں 1,000سے زیادہ تنظیموں نے حاصل کیا ہے۔
پاکستان میں شوکت خانم اسپتال سمیت صحت کی دیکھ بھال کرنے والی پانچ تنظیموں اور اسپتالوں نے جے سی آئی کی منظوری کی گولڈ مہر حاصل کر لی ہے، درحقیقت شوکت خانم کو 2018ء اور 2019 ء میں سونے کی مہر ملی۔
لیکن عمران خان جس چیز کا حوالہ دے رہے ہیں وہ ہے "انٹرپرائزایکریڈیٹیشن"، یہ ایک نئی قسم کی ایکریڈیٹیشن جو جے سی آئی نے متعارف کرائی ہے، عمران خان نے درست کہا ہے کہ یہ اعزاز آج تک دنیا میں صرف دو اداروں کو ہی دیا گیا ہے۔
جیو فیکٹ چیک نے جے سی آئی اور شوکت خانم اسپتال کے درمیان ای میلز اور دستاویزات بھی دیکھے ، جس کے مطابق جے سی آئی نے 22-23 اگست کو شوکت خانم اسپتال کا سروے کیا۔
جس کے بعد اسے "انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن" سے نوازا گیا، یہ ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے والی دنیا کی دوسری اور پاکستان میں پہلی تنظیم بن گئی، صحت کی دیکھ بھال کرنے والی پہلی تنظیم جسے JCI کی مکمل انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن دی گئی ہے وہ دبئی کا ایک اسپتال ہے۔
شوکت خانم اسپتال کے سی ای او ، ڈاکٹر فیصل سلطان نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ اسپتال کی "انٹرپرائز ایکریڈیٹیشن" کی صورتحال نومبر میں JCI کی ویب سائٹ پر بھی اپلوڈکر دی جائےگی۔
نوٹ: ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو بھی کسی غلط کا پتہ چلے تو ہم سے [email protected] پر رابطہ کریں۔