13 اکتوبر ، 2022
سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری گروپ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔
پاکستان کی اننگز:
جواب میں پاکستان کے اوپنرز نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، کپتان بابر اعظم 55، محمد رضوان 69، حیدر علی صفر رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
آل راؤنڈر محمد نواز نے 20 گیندوں پر 45 اور آصف علی 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 جب کہ سومیا سرکار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلادیش کی اننگز:
بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس اور کپتان شکیب الحسن ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے بالترتیب 69 اور 68 رنز بنائے، اوپنرز نجم الحسین شنتو 12 اور سومیا سرکار 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ عفیف حسین 11 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اور یاسر علی ایک ہی رن بناسکے۔ نور الحسن 2 اور محمد سیف الدین ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 6.75 کی ایوریج سے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد وسیم جونیئر نے 4 اوورز میں 8.25 کی ایوریج سے 33 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ محمد نواز بھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے جب کہ رضوان نے ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، پچ پر گراس ہے اپنے بولرز کا اچھا استعمال کرنا چاہیں گے۔
دوسری جانب بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ آج کے میچ کیلئے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ کے آغاز میں مومنٹ پکڑلیں اور پھر اسی مومنٹم سے کھیل جاری رکھ سکیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی ٹیم لگاتار تین میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ ایونٹ کا فائنل کل بروز جمعہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔