کاروبار
Time 13 اکتوبر ، 2022

امریکا میں مہنگائی کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

یو ایس لیبر ڈیپارٹمنٹ نے اعدادوشمار جاری کیے / اے پی فوٹو
یو ایس لیبر ڈیپارٹمنٹ نے اعدادوشمار جاری کیے / اے پی فوٹو

امریکا میں مہنگائی کی شرح 4 دہائیوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یو ایس لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں اگست کے مقابلے میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مجموعی طور پر مہنگائی کی شرح 8.3 فیصد رہی۔

اشیائے خوردونوش اور توانائی اخراجات کو نکال کر دیگر اشیا اور سروسز کے لیے مہنگائی کی شرح میں ایک سال کے دوران 6.6 فیصد اضافہ ہوا جو 1982 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق گھروں کے کرایوں میں ایک سال کے دوران سب سے زیادہ اضافہ ہوا اور وہ ایک تہائی بڑھ چکے ہیں۔

ٹرانسپورٹیشن سروسز کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران 1.9 فیصد اضافہ ہوا جبکہ طبی خدمات کی قیمتوں میں بھی ایک فیصد اضافہ ہوا۔

مہنگائی کی شرح 40 سال میں سب سے زیادہ ہونے کے بعد امریکی فیڈرل ریزرو نے ایک بار پھر شرح سود میں اضافے کا عندیہ دیا ہے۔

مزید خبریں :