جیو فیکٹ چیک : شیریں مزاری نےٹوئٹر پر سینیٹر اعظم سواتی کی جعلی میڈیکل رپورٹ شیئر کی

پی ٹی آئی کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے سینیٹر اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ کو تبدیل شدہ تاریخ کے ساتھ ٹویٹ کیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک سینئر رہنما نے حکام پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے گرفتار سینیٹر کی "جعلی میڈیکل رپورٹ" تیار کی ہے۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد 14 اکتوبر کو ایک ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے لکھا کہ سینیٹر کی "جعلی میڈیکل رپورٹ" بنائی گئی ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے 17 اگست 2022 کی میڈیکل رپورٹ بھی پوسٹ کی۔

شیریں مزاری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ ،" جب آپ غیر قانونی طور پر گرفتار لوگوں کی جعلی میڈیکل رپورٹس بناتے ہیں تو یہ چھوٹی چھوٹی چیزیں آپ کو بے نقاب کرتی ہیں۔

 سینیٹر اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ پر تاریخ دیکھیں! جن صحافیوں نے اس رپورٹ کا خیرمقدم کیا، انہیں شاید تاریخ بھی دیکھ لینی چاہیے۔"

ٹوئٹ کو 900 سے زائد بار ری ٹوئٹ کیا گیا ، اور ٹوئٹر پر 1700 صارفین نے اسے پسند کیا ۔

بہت سارے سوشل میڈیا صارفین نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اعظم سواتی کی رپورٹ پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما شہباز گل کے لیے تیار کی گئی میڈیکل رپورٹ کی کاپی پیسٹ ہے جب وہ اگست میں جیل میں تھے۔

حقیقت

جیو فیکٹ چیک اسلام آباد میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) تک پہنچا، جس نے سینیٹراعظم خان سواتی کا طبی معائنہ کیا اور ان کی رپورٹ تیار کی۔ ہسپتال نے جیو فیکٹ چیک کے ساتھ اعظم سواتی کی میڈیکل رپورٹ کی اصل کاپی شیئر کی۔

میڈیکل رپورٹ 13 اکتوبر 2022 کی ہے، 17 اگست کی نہیں، جیسا کہ مزاری نے الزام لگایا ہے۔

سینیٹر اعظم خان سواتی کی اصل میڈیکل رپورٹ 13 اکتوبر 2022 ءکی ہے۔
 سینیٹر اعظم خان سواتی کی اصل میڈیکل رپورٹ 13 اکتوبر 2022 ءکی ہے۔

پمز ہسپتال نے بھی تصدیق کی ہے کہ شیریں مزاری کی جانب سے شیئر کی گئی رپورٹ جعلی ہے، کیونکہ اس میں تاریخ کو بدلا گیا ہے۔

جہاں تک 17 اگست کو شہباز گل کے لیے تیار کی گئی رپورٹ کی ڈپلیکیٹ ہونے کا تعلق ہے، تو یہ دعویٰ بھی غلط ہے، کیونکہ شہباز گِل کی رپورٹ پمز کے ڈاکٹروں کی ایک بالکل مختلف ٹیم نے تیار کی تھی اور نہ ہی شہباز گل اور اعظم خان سواتی کی رپورٹس کے متن میں کوئی مماثلت ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کی اصل میڈیکل رپورٹ 17 اگست 2022ء کی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل کی اصل میڈیکل رپورٹ 17 اگست 2022ء کی ہے۔

نوٹ: ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو بھی کسی غلط کا پتہ چلے تو ہم سے [email protected] پر رابطہ کریں۔