16 اکتوبر ، 2022
پاکستان کی ماہ نور علی نے ملائیشیا میں جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔
پینانگ جونیئر چیمپئن شپ کے فائنل میں انہوں نے ملائیشیا کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی کو 3-0سے شکست دی،ایونٹ میں ماہ نور ناقابل شکست رہیں ۔
پاکستان کی ابھرتی ہوئی اسکواش پلیئر ماہ نور علی نے ملائشیا میں کھیلی گئی اٹھارہویں پینانگ ملائیشین جونیئر اوپن اسکواش چیمپئین شپ میں انڈر 11گرلز کا ٹائٹل جیتا۔
ایونٹ کی سیڈ نمبر 10 ماہ نور علی نے فائنل میں ٹاپ سیڈ ملائیشیا کی اونتاکشری سینیوساگم کو تین ۔ صفر سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔
ان کی جیت کا سیٹ اسکور ان کے حق میں 11-4، 11-1اور 11-3 رہا، اس سے قبل انہوں نے سیمی فائنل میں نمبر 6 سیڈ ملائیشیا کی نور النگینہ کو 11-2،11-5اور11-7 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ماہ نور علی نے چیمپئن شپ کے انڈر 11ایونٹ میں نہ صرف یہ کہ سارے میچز جیتے بلکہ انہیں کسی بھی میچ کے کسی بھی گیم میں بھی شکست نہیں ہوئی۔