17 اکتوبر ، 2022
کیا آپ ہارر فلمیں یا ڈرامے دیکھنا پسند کرتے ہیں؟ اگر ہاں ایک سیریز ضرور پسند آئے گی جس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کا حصہ بن گیا ہے۔
اسٹریمنگ سروس نیٹ فلیکس نے گزشتہ دنوں دی مڈنائٹ کلب نامی سیریز کو ریلیز کیا تھا۔
اس ہارر، مسٹری اور تھرلر سیریز نے خوف سے اچھلنے پر مجبور کردینے والے مناظر (jump scare) کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
اس بات کا اعلان گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے کیا گیا۔
jump scare سے مراد کسی ہارر فلم یا ڈرامے میں ایسے مناظر ہوتے ہیں جو بلند آواز یا کسی چیز سے ناظرین کو حیرت یا خوف سے اچھلنے پر مجبور کردیں یا شاک کردیں۔
اس سیریز کی پہلی قسط میں ہڈیوں میں سرد لہر دوڑا دینے والے 21 مناظر موجود تھے جو کسی ایک قسط میں اس طرح کے سب سے زیادہ مناظر قرار پائے۔
ڈرامے کو بنانے والے مائیک فلینگن نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ ریکارڈ پروڈیوسرز کی جانب سے بار بار ایسے مناظر کو شامل کرنے کے مطالبے کے ردعمل پر بنانا چاہتے تھے حالانکہ ان کی اپنی ایسی کوئی خواہش نہیں تھی۔
یہ سیریز 1994 کے ایک ناول پر مبنی ہے جس میں بہت زیادہ بیمار 8 نوجوانوں کی کہانی بیان کی گئی ہے جو رات گئے ایک دوسرے کو خوفناک کہانیاں سناتے ہیں۔