Geo News
Geo News

Time 18 اکتوبر ، 2022
انٹرٹینمنٹ

بنگلادیش نے ملکی زرمبادلہ بچانے کیلئے نورا فتیحی کا شو کینسل کردیا

نورا فتیحی کو 18 نومبر کو ڈھاکا میں ایک ایوارڈ شو میں شرکت کرنا تھی اور پرفارم بھی کرنا تھا— فوٹو:فائل
نورا فتیحی کو 18 نومبر کو ڈھاکا میں ایک ایوارڈ شو میں شرکت کرنا تھی اور پرفارم بھی کرنا تھا— فوٹو:فائل

بنگلادیش کی حکومت نے ملکی زرمبادلہ بچانے کیلئے بالی وڈ کی مشہور رقاصہ نورا فتیحی کا شو ملتوی کردیا۔

نورا فتیحی کو 18 نومبر کو ڈھاکا میں ایک ایوارڈ شو میں شرکت کرنا تھی اور پرفارم بھی کرنا تھا۔

تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کی وزارت ثقافت نے 17 اکتوبر کو نورا فتیحی کے شو کو ملتوی کردیا اور کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بچانے کیلئے اداکارہ کا شو کینسل کیا تاکہ انہیں ڈالرز میں ادائیگی نہ کی جا سکے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دنیا کی معاشی صورتحال اور مرکزی بینک کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اداکارہ کا اجازت نامہ کینسل کردیا گیا ہے۔

بنگلا حکومت کے فیصلے کے بعد نورا فتیحی اب شو میں پرفارم نہیں کرسکیں گی۔

خیال رہے کہ بنگلادیش کے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر گھٹ کر 36 ارب90 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئے ہیں۔