Time 20 اکتوبر ، 2022
دلچسپ و عجیب

انگلش زبان کے بیشتر الفاظ میں سائیلنٹ حروف کیوں ہوتے ہیں؟

اس کے پیچھے کافی پیچیدہ وجوہات چھپی ہوئی ہیں / فائل فوٹو
اس کے پیچھے کافی پیچیدہ وجوہات چھپی ہوئی ہیں / فائل فوٹو

انگلش زبان کو پاکستان میں بہت اہمیت حاصل ہے بلکہ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ دنیا میں یہ سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں شامل ہے۔

مگر اس کے بیشتر الفاظ کا درست تلفط ادا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے خاص طور پر اگر مادری زبان مختلف ہو تو۔

اس حوالے سے انگلش الفاظ میں سائیلنٹ ورڈز یا حروف نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔

درحقیقت سائیلنٹ حروف کی وجہ سے اگر آپ انگلش کے پیچیدہ الفاظ کے تلفظ کو زبان سے دہرانے کی کوشش کریں تو یہ آسان نہیں ہوتا۔

ایک اندازے کے مطابق انگلش کے 60 فیصد الفاظ میں سائیلنٹ حروف شامل ہوتے ہیں اور ایسے افراد کے لیے اس زبان پر عبور بہت مشکل ہوتا ہے جن کی مادری زبان مختلف ہو۔

تو آخر انگلش زبان میں سائیلنٹ حروف کو کیوں شامل کیا گیا؟

بنیادی طور پر اس کی کوئی ایک وجہ نہیں بلکہ انگلش میں سائیلنٹ حروف کی شمولیت میں 3 اہم عناصر نے کردار کیا۔

تاریخی طور پر 90 فیصد انگلش الفاظ کا تلفظ ویسا ہی تھا جیسے ان کے اسپیلنگ یا ہجے ہوتے تھے۔

جیسے K کو N سے نہیں بدلا جاتا تھا یعنی knife کو نائف نہیں بلکہ کنائف بولا جاتا تھا۔

یہ سلسلہ 16 ویں صدی تک جاری رہا مگر جب انگلش دنیا کے مختلف ممالک میں پہنچی اور متعدد نسلوں کے افراد نے اسے بولنا شروع کیا تو مخصوص الفاظ کے تلفظ میں بھی تبدیلی آئی۔

اس کے نتیجے میں زیادہ مشکل الفاظ کے تلفظ میں مخصوص الفاظ کا استعمال ختم ہونے لگا مگر ان کے تحریری ہجے یا اسپیلنگ وہی رہے۔

ان مخصوص الفاظ کو سائیلنٹ حروف کہا جانے لگا اور لاتعداد انگلش الفاظ ایسے ہوگئے جن کا تلفظ اور تحریری ہجے ایک دوسرے سے مختلف ہیں، یہی پہلا عنصر بھی ہے۔

دوسرا عنصر دیگر زبانوں کا اثر ہے، دنیا میں برطانوی سلطنت پھیلنے سے دیگر متعدد زبانوں کے الفاظ کو انگلش کا حصہ بنایا گیا۔

اس کے نتیجے میں اسپیلنگ کے حوالے سے کافی تبدیلیاں آئیں۔

اکثر ایسے غیرملکی الفاظ کے ہجے تو اصل زبان والے ہی رکھے گئے مگر ان کا تلفظ انگلش بولنے والوں نے بدل دیا۔

اسی طرح کئی بار الفاظ میں کچھ حروف کو ان کے لاطینی ماخذ کو نمایاں کرنے کے لیے شامل کرکے سائیلنٹ کردیا گیا۔

جیسے debt میں بی سائیلنٹ ہے جو کہ لاطینی لفظ debit سے آیا۔

انگلش زبان میں سائیلنٹ حروف کی موجودگی کی تیسری اور شاید سب سے اہم وجہ بنیادی طور پر اس زبان کے الفاظ کے تلفظ کو اسی طرح کے اسپیلنگ والے الفاظ سے منفرد یا الگ کرنا ہے۔

تو بظاہر یہ سائیلنٹ حروف بیکار محسوس ہوتے ہیں مگر انہیں نظرانداز کرنا ممکن نہیں کیونکہ وہ انگلش زبان کے لیے بہت زیادہ اہم ہیں۔

مزید خبریں :