دنیا
Time 26 اکتوبر ، 2022

انڈونیشیا میں خاتون کو اژدھے نے زندہ نگل لیا

یہ وہ اژدھا نہیں بلکہ ایک اسٹاک فوٹو ہے / اے ایف پی فوٹو
یہ وہ اژدھا نہیں بلکہ ایک اسٹاک فوٹو ہے / اے ایف پی فوٹو

انڈونیشیا میں ایک خاتون کو اس وقت اژدھے نے زندہ نگل لیا جب وہ جنگل میں ربڑ اکٹھا کرنے پہنچی۔

انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرے کے صوبے جمبی میں 23 اکتوبر کو یہ واقعہ پیش آیا۔

یہ 54 سالہ خاتون اتوار کی صبح جنگل سے ربڑ اکٹھا کرنے لیے گئی تھی جس کے بعد لاپتہ ہوگئی۔

Jahrah نامی خاتون جب شام تک گھر نہیں پہنچی تو اس کے شوہر نے تلاش کرنا شروع کیا اور جنگل سے چپل، اسکارف، جیکٹ اور کام کے لیے استعمال ہونے والے آلات کو دریافت کیا۔

اس کے فوری بعد شوہر نے دیگر افراد سے مدد طلب کی اور اگلی صبح ایک اژدھے کو گمشدگی کے مقام کے قریب دیکھا گیا۔

مقامی پولیس کے مطابق جب سکیورٹی ٹیم اور گاؤں کے رہائشی اس جگہ خاتون کو تلاش کررہے تھے تو ان کا سامنا 7 فٹ لمبے اژدھے سے ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ اس اژدھے کا پیٹ پھولا ہوا تھا جس کے باعث اسے پکڑ کر پیٹ کاٹا گیا تو خاتون کی لاش اس کے اندر موجود تھی۔

واضح رہے کہ اژدھا عموماً چھوٹے جانوروں کا شکار کرتا ہے اور اپنے شکار کو سالم نگل لیتا ہے، البتہ انسانوں کو نگلنے کے واقعات بہت کم سامنے آتے ہیں۔

اس سے قبل 2018 میں ایک خاتون کو انڈونیشیا کے جزیرے Muna میں ایک اژدھے نے زندہ نگل لیا تھا۔

2017 میں بھی ایک کاشتکار اسی طرح کے واقعے میں ہلاک ہوا تھا۔

مزید خبریں :