26 اکتوبر ، 2022
عمر بڑھنے کے ساتھ مسلز کے حجم کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں؟ تو ہر تھوڑی دیر بعد 2 منٹ کی چہل قدمی یا اٹھک بیٹھک کو عادت بنالیں۔
یہ بات کینیڈا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ٹورنٹو یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ وقت تک بیٹھنے سے جسم کی مسلز کے حجم برقرار رکھنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق کچھ منٹ کی جسمانی سرگرمیوں جیسے 2 منٹ کی چہل قدمی یا اٹھک بیٹھک سے جسم کو کھانے میں موجود امینو ایسڈز کو زیادہ استعمال کرنے کا موقع ملتا ہے، جس سے مسلز کے لیے درکار پروٹینز بنتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ اگر ہم جسمانی طور پر متحرک ہوں تو ہمارا جسم زیادہ بہتر طریقے سے مسلز کو بنانے اور اسے برقرار رکھنے کا کام کرسکتا ہے۔
اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں کچھ وقت کی جسمانی سرگرمیوں کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی مگر یہ پہلی تحقیق ہے جس میں ثابت ہوا کہ چند منٹ کی سرگرمیاں بھی مسلز کے حجم کو بہتر بناسکتی ہیں۔
اس تحقیق میں 20 سے 30 سال کی عمر کے 12 صحت مند افراد کو شامل کیا گیا تھا جو اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے تھے۔
ان افراد کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہر 30 منٹ بعد اٹھ کر 2 منٹ چہل قدمی یا اٹھک بیٹھک کریں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ اس عادت سے ہمارا جسم امینو ایسڈز کو زیادہ بہتر طریقے سے مسلز کی مرمت یا حجم بڑھانے کے لیے استعمال کرنے لگتا ہے۔
محققین کے مطابق کھانے کے بعد بیٹھنے سے گریز کرنا میٹابولزم اور مسلز کے حجم کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نتائج انتہائی اہم ہیں کیونکہ زیادہ وقت بیٹھنے سے مسلز کے حجم میں کمی آتی ہے کیونکہ ہمارے مسلز کھانے کے بعد نئے پروٹینز بنانے سے قاصر ہونے لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نتائج سے زیادہ وقت بیٹھنے کی عادت سے گریز کی اہمیت کا اظہار ہوتا ہے اور یہ علم ہوتا ہے کہ معمولی جسمانی سرگرمیاں بھی مسلز کے لیے کتنی اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔