کھیل
Time 27 اکتوبر ، 2022

دو میچز میں قریب آکر ہارنا کافی افسوس کی بات ہے، شان مسعود

فوٹو: آئی سی سی
فوٹو: آئی سی سی 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹر شان مسعود کا کہنا ہے کہ شکست کے بعد مایوسی ہوتی ہے، دو میچز میں قریب آکر ہارنا کافی افسوس کی بات ہے۔

زمبابوے کے ہاتھوں پرتھ میں سنسنی خیز مقابلے میچ ایک رنز سے شکست کے بعد شان مسعود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر پوائنٹ کی اہمیت ہے اس گروپ میں کیوں کہ ہر ٹیم ٹف ہے،جب تک ٹورنامنٹ مکمل نہیں ہوتا آگے کا نہیں سوچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاتھ میں اگلے تین میچز ہیں جس میں اچھا کرنے کی کوشش کریں گے، جو چیزیں ٹھیک چل رہی ہوتی ہیں ان کو چھیڑنے کی ضرورت نہیں ہوتی، ہم دوسری ٹیموں سے سیکھ ضرور سکتے ہیں لیکن ان کا انداز کاپی کرنا ضروری نہیں ہے۔

 شان مسعود کا کہنا تھا کہ ان دونوں میچز میں اندازہ ہوجانا چاہیے کہ بابر اعظم اور رضوان کا اچھا اسٹارٹ کتنا اہم ہے، وہ دونوں دنیا کے بہترین بیٹرز میں سے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم میں ہر پلیئر پر اپنی اپنی ذمہ داری ہے، آج ہم نے بطور بیٹنگ یونٹ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ،یہ قابل قبول نہیں ہے، جو آج ہم نے غلطیاں کیں وہ آئندہ نہیں دہرائیں گے،میں نے جس طرح اپنی وکٹ گنوائی اس پر مجھے کافی افسوس ہے،مجھے کھڑا رہ کر میچ جتوانا چاہیے تھا۔اس مایوسی کا حل یہی ہے کہ گراؤنڈ پر آکر اچھا کھیلیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے دی۔

زمبابوے کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی

مزید خبریں :