Time 28 اکتوبر ، 2022
پاکستان

عمران خان ایک پھر کنٹینر پر چڑھ گئے، لاہور کے لبرٹی چوک سے لانگ مارچ کا آغاز ہوگیا

26 سالہ سیاسی کیرئیر میں سب سے اہم سفر شروع کر رہا ہوں، وقت آ گیا ہے کہ ہم اس ملک کی حقیقی آزادی کا سفر شروع کریں: عمران خان۔ فوٹو فائل
26 سالہ سیاسی کیرئیر میں سب سے اہم سفر شروع کر رہا ہوں، وقت آ گیا ہے کہ ہم اس ملک کی حقیقی آزادی کا سفر شروع کریں: عمران خان۔ فوٹو فائل

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لبرٹی چوک سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے لاہور سے اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس میں شرکت کے لیے تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنما بھی پہنچ چکے ہیں۔

عمران خان کا مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 26 سالہ سیاسی کیرئیر میں سب سے اہم سفر شروع کر رہا ہوں، وقت آ گیا ہے کہ ہم اس ملک کی حقیقی آزادی کا سفر شروع کریں۔

ان کا کہنا تھا میرا مارچ سیاست کے لیے نہیں الیکشن یا ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ صرف ایک مقصد ہے کہ قوم حقیقی طور پر آزاد ہو، ہمارے فیصلے واشنگٹن یا برطانیہ میں نہ ہوں بلکہ پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں اور پاکستانی عوام کے لیے ہوں۔

عمران خان کا کہنا تھا صرف اپنے ملک اور اداروں کی خاطر چپ ہوں، میں نواز شریف کی طرح بھگوڑا نہیں، میرا جینا مرنا اس ملک میں ہے، ایک آزاد فوج چاہتا ہوں، ہماری تنقید تعمیری تنقید ہوتی ہے، بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن ملک کا نقصان نہیں چاہتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں کیا، صرف صاف اور شفاف الیکشن چاہتا ہوں، چاہتا ہوں کہ عوام کو فیصلہ کرنے دیا جائے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا عدلیہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم آئین اور قانون کے بیچ میں رہ کر چلیں گے، سپریم کورٹ نے ہمیں جہاں کی اجازت دی ہے ہم صرف وہیں جائیں گے، کوئی قانون نہیں توڑیں گے، ریڈ زون نہیں جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا بڑے ادب سے سپریم کورٹ کو کہنا چاہتا ہوں کہ 25 مئی کو آپ نے ہمارے جمہوری حق کا تحفظ نہیں کیا، ہمیں مارا گیا، لوگوں کو اٹھایا گیا لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا، مارچ کے دوران ہم پرامن رہیں گے لیکن جو جرائم پیشہ لوگ ہیں، 18 قتل کرنے والا مجرم رانا ثنا اللہ اور شہباز شریف جس کا ہیومن رائٹس کی رپورٹ میں بھی نام شامل ہے، آپ کو ان پر نظر رکھنی ہے۔

عمران خان کے خطاب کے بعد سینیٹر فیصل جاوید خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے حلف بھی لیا۔

مزید خبریں :