Time 29 اکتوبر ، 2022
کھیل

اگر ٹیم نہ جیتے تو پرفارمنس کا فائدہ نہیں ہوتا: حارث رؤف

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ اگر ٹیم نہ جیتے تو پرفارمنس کا فائدہ نہیں ہوتا، میچ ہارنے پر کھلاڑی بھی دکھی ہوتے ہیں۔

پرتھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا تھا 2021 کا ورلڈ کپ تو ماضی کی بات ہو گئی، یہ نیا ورلڈ کپ ہے، جیسا چاہتے تھے ویسی شروعات نہیں ہو سکی، دونوں میچز قریب آکر ہارے، کرکٹ میں اپ ڈاؤن ہوتے ہیں، جتنا عوام دکھی ہوتی ہے، ہم بھی شکست پر اتنا ہی دکھی ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ٹیم آپس میں بیٹھ کر بات کرکے غلطیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے، ابھی ٹورنامنٹ باقی ہے، کوشش کریں گے کہ اگلے میچز میں اچھا کھیلیں، دونوں میچز میں اچھا فنش نہیں کر پائے، ٹیم میں بات ہوئی ہے کہ فنشنگ کو بہتر کیسے بنایا جائے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر کا کہنا تھا ٹیم میں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا کافی ضروری ہے، تنقید ہوتی ہے لیکن اس پر فوکس نہیں کر رہے، اپنی صلاحیتوں پر بھروسہ رکھا ہے، چھکے پڑنا یا کیچز ڈراپ ہونا سب گیم کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم نہ جیتے تو پرفارمنس کا فائدہ نہیں ہوتا، ٹیم جیتے تو مزہ آتا ہے، ایک دوسرے سے بات چیت کرنے سے کافی اعتماد ملتا ہے، لوگوں کا کام ہے کہنا، وہ تو کہتے ہیں، کھلاڑیوں پر تنقید تو ہوتی ہے لیکن ہم ٹورنامنٹ کھیلنے آئے ہیں اور ہمارا فوکس ٹورنامنٹ پر ہے، اوروں کی باتیں سننے سے بہتر ہے اپنے کھیل پر فوکس کریں۔

حارث رؤف کا کہنا تھا ٹیم میں کافی ڈسکشن ہوئی ہے کہ اگلے میچز میں کیسے کھیلنا ہے، ہر کھلاڑی اگلے میچز میں اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں فاسٹ بولر کا کہنا تھا انٹرنیشنل میچز کھیل رہے ہیں، کوئی ٹیم ہلکی ٹیم نہیں ہوتی، ہر ٹیم یہاں جیتنے کے لیے آئی ہے، کسی ٹیم کو یہ نہیں کہا جا سکتا کہ آسان ہے، نیدرلینڈز کے خلاف بھی ہم اپنا 100 فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔

مزید خبریں :