بھارتی اداکار کے پاکستانی ٹیم کو مسلسل تنقید کا نشانہ بنانے پر شعیب اخترپر برہم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار نکول مہتا نے اپنی ہی قومی ٹیم پر مسلسل تنقید کرنے پر  سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

شعیب اختر اکثر و بیشتر ہی قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں اور  خیالات کا اظہار اپنے یوٹیوب چینل پر کرتے ہیں جس پر صارفین تبصرے بھی کرتے ہیں۔

اسی حوالے سے نکول مہتا نے شعیب اختر کی تنقید پر اعتراض کیا ہے۔

بھارتی اداکار نے اپنی ٹوئٹ میں کہا 'شعیب اختر کو اپنے یوٹیوب کیرئیر کو برقرار رکھنے کے لیے قومی ٹیم کا استعمال کرتے دیکھنا ایک مضحکہ خیز چیز ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ چند سالوں میں تبدیلی کے بعد پاکستان کی یہ ٹیم بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے'۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست پر شعیب اختر نے چیئرمین پی سی بی سمیت ٹیم مینجمنٹ کو کھری کھری سنائی تھیں۔

شعیب اختر نے کہا کہ ’بار بار کہہ رہا ہوں کہ ہمارے اوپنرز اور مڈل آرڈر اس کام کے نہیں کہ ہم کوئی جیت حاصل کر سکیں، مسلسل ہم نہیں جیت پائیں گے، پاکستان کے پاس اچھا کپتان نہیں اس میں کوئی شک نہیں، پاکستان ایک بارپھر زمبابوے سے ہارا‘۔

مزید خبریں :