02 نومبر ، 2022
وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کا پاکستان سپر لیگ( پی سی ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے ساتھ سفر اختتام کو پہنچ گیا۔
پشاور زلمی کیلئے پی ایس ایل کے ساتوں سیزن میں کھیلنے والے بیٹر کامران اکمل اب آٹھویں ایڈیشن کے ڈرافٹ میں شامل ہوں گے۔
کامران اکمل نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں پشاور زلمی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ' الوادع کہنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے ، پشاور زلمی کے ساتھ 7 سال بہترین گزرے'۔
انہوں نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اور اپنے ساتھیوں وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی کا شکریہ بھی ادا کیا۔
کامران اکمل نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ 'میں اب پشاور زلمی کا حصہ نہیں ہوں۔ ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے مجھے بتایا کہ پشاور زلمی مجھے پی ایس ایل 8 کے لیے برقرار نہیں رکھے گی۔ میں اب پی ایس ایل 8 کے ڈرافٹ میں سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گا'۔
انہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں کہ اب کون سی فرنچائز مجھے پِک کرتی ہے۔