04 نومبر ، 2022
گزشتہ روز وزیر آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر ہونے والے قاتلانہ حملے میں جاں بحق شخص کے بھائی نے حکومت پنجاب اور عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو کسی صورت چھوڑنا نہیں ہے۔
عمران خان پر قاتلانہ حملے کے دوران جہاں چیئرمین پی ٹی آئی اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوئے وہیں معظم نامی شخص جاں بحق بھی ہوا جو اپنے بچوں کے ساتھ لانگ مارچ میں شریک تھا۔
فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص معظم کے بھائی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا بھائی نے مججے کہا کہ تم اکیلے جا رہے ہو، میں تواپنے بچوں کو بھی لیکر جا رہا ہوں، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے بھائی نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان دی۔
ان کا کہنا تھا واقعے کی فوٹیج سامنے ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب میرا بھائی نیچے گرا تو سب لوگ بھاگ گئے، بس اس کے بچے اس کے پاس موجود تھے۔
معظم کے بھائی کا مزید کہنا تھا ہمارا حکومت سے اور عمران خان سے بھی یہی مطالبہ ہے کہ یہ جو شہادت ہوئی ہے اس کا خون کبھی رائیگاں نہ جانے دیا جائے، امید ہے کہ ہمارے بھائی کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔