کالج کے پرنسپل نے تصدیق کی ہےکہ انہوں نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیاتھا، جس میں طلبا کے لیے عمران خان کی تقریرکو سننا لازمی قرار دیا گیا
04 نومبر ، 2022
سوشل میڈیاپر ایک نوٹس شیئر کیا گیا جسے پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے ایک گورنمنٹ کالج کی انتظامیہ نے جاری کیا تھا، جس میں اسٹاف اور طلبہ کےلیے سابق وزیر اعظم کی تقریر میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
یہ دعویٰ بالکل درست ہے، کالج کی انتطامیہ کی طرف سے طلبہ کو تقریر میں شرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 26 اکتوبر کو گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں طلبا سے خطاب کیا۔
تقریر کے بعد کئی سوشل میڈیا صارفین نے ایک نوٹیفکیشن پوسٹ کیا ،جس میں الزام لگایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن(ڈی پی آئی) پنجاب نے گورنمنٹ جناح اسلامیہ گریجویٹ کالج سیالکوٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبا عمران خان کی تقریرسنیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن یا ڈی پی آئی ایک ایسا ریاستی ادارہ ہے جو پنجاب کے سرکاری کالجوں کے انتظامی اور مالی معاملات پر نظر رکھنے کا کا م کرتا ہے۔
سوشل میڈیا پر جو نوٹیفیکیشن شیئر کیا جا رہا ہے اس کی تاریخ 25 اکتوبر ہے۔ اس نوٹیفیکیشن کی عبارت کچھ اس طرح ہےکہ ”کل مورخہ 26-10-22 بروز بدھ ساڑھے گیارہ بجےگورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ کی گراؤنڈ میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا خطاب ہو گا، تمام اسٹاف کی طلبا کے ساتھ شمولیت لزوم کے درجے میں ہے۔ “
نوٹیفیکیشن پر ڈی پی آئی کے حکم پر گورنمنٹ جناح اسلامیہ گریجویٹ کالج کے پرنسپل کے دستخط بھی موجودہیں۔
ایک ٹوٹر صارف نےاپنی ٹوئٹ میں لکھاکہ ”چونکہ عمران خان نے خطاب کرنا ہے، لہٰذا تمام اسٹاف بشمول طلبہ گیارہ بجے لازمی شرکت کریں۔
بحکم ڈی پی آئی کالجز پنجاب۔“
ایک اور ٹوٹر اکاؤنٹ نے لکھا کہ ” سرکاری تعلیمی ادارے اپنے عملے کو پی ٹی آئی کے جلسوں میں شرکت پر مجبور کر رہے ہیں جوکہ تعلیم کے مقصد کےلیے سرکاری جگہ ہے۔ یہ موقع پرست جماعت کبھی نہیں سیکھے گی۔“
گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کے پرنسپل پروفیسر مجاہد حسین بخاری نے جیو فیکٹ چیک کو تصدیق کی کہ انہوں نے واقعی ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں عمران خان کی تقریرکو سننا طلبا کے لیےلازمی قرار دیا گیا تھا۔
پروفیسر مجاہد حسین بخاری کا کہنا تھا کہ ” ویسے ڈی پی آئی نے تمام پرنسپلوں کی میٹنگ بلائی تھی جو پورے ضلع سیالکوٹ سے تھے، تو وہاں اس پر بات ہوئی، ہمیں طلبہ کنونشن کے بارے میں نہیں بتایا گیا، ہمیں بتایا گیا کہ عمران خان کی تقریر ہے، اگر لوگ تقریر میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو ، ہاں یہ [میٹنگ] 24 تاریخ کو مرے کالج سیالکوٹ میں ہوئی تھی۔ـ“
”میرے دستخط نوٹیفکیشن پر ہیں، جو ڈی پی آئی کے اجلاس کی روشنی میں جاری کیا گیا تھا۔“
گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کے ایک پروفیسر نےاپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پرجیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ کالج انتطامیہ نے عملے کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ،تاکہ طلباکی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔
تاہم ڈی پی آئی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عاشق حسین نے اس بات کی مکمل طور پر تردید کرتےہوئے کہا ہےکہ ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ ”ایسا کوئی حکم نہیں ہے،طلبہ نے اپنی مرضی سے حصہ لیا۔“
اس آرٹیکل کےلیےجیو کے رپورٹر عمر اعجاز نے بھی جیو فیکٹ چیک کی معاونت کی ہے۔
ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔
اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔