05 نومبر ، 2022
آسٹریلیا کے سابق کپتان اور کھلاڑی رکی پونٹنگ نے بھارتی ٹیم کی سلیکشن پر سوال اٹھادیا ۔
آسٹریلیا میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکی پونٹنگ کا کہنا تھا کہ مجھے ریشبھ پنٹ کے نہ کھیلنے پر حیرانی ہے، پہلی بات وہ یہ کہ ریشبھ ایک میچ ونر ہیں دوسرا یہ کہ وہ بائیں ہاتھ کے بلے باز ہیں جس کی بھارت کو مڈل آرڈر میں ضرورت ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان نے کہاکہ ٹیم میں دو اسپنر زکی موجودگی ریشبھ پنٹ کو کھلانے کے لیے مشکل پیدا کرتی ہے، بھارت بھی ان دنوں آسٹریلیا کی طرح ہے جسے یہ نہیں پتا کہ ان کی بہترین ٹیم کون سی ہے کیوں کہ غالباً وہ یہ نہیں جانتے کہ انہیں آسٹریلیا میں کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔
رکی پونٹنگ نے مزید کہا مجھے لگتا ہےکہ اگر بھارت سیمی فائنل میں پہنچتا ہے تو بھارتی ٹیم کی جانب سے ریشبھ کو کھلائے جانیکا امکان ہے ، وہ ایک میچ ونر ہیں، ہم انہیں آسٹریلیا میں ٹیسٹ اور وائٹ بال دونوں فارمیٹ میں کھیلتا ہوا دیکھ چکے ہیں، ہوسکتا ہےکہ ریشبھ کو ٹورنامنٹ کے بڑے میچز کے لیے کھلایا جائے۔
واضح رہے کہ ریشبھ پنٹ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا ہے، ان کی جگہ ٹیم میں دنیش کارتک کھیل رہے ہیں۔