Time 08 نومبر ، 2022
انٹرٹینمنٹ

رابعہ انعم نجی ٹی وی کے مارننگ شو سے اچانک اٹھ کر کیوں چلی گئیں؟

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

جیو نیوز کی سابقہ اینکر اور میزبان رابعہ انعم نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو سے اچانک اٹھ کر جانےکے فیصلے کی وجہ سے  سرخیوں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں رابعہ انعم نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں اداکارہ فضا علی اور اداکار محسن عباس کے ہمراہ موجود ہیں لیکن اچانک ہی رابعہ نے شو کی میزبان ندا یاسر سے معذرت کرتے ہوئے شو میں مزید بیٹھنے سے انکار کرتے ہوئے اٹھ کر جانے کا فیصلہ کیا۔

رابعہ انعم نے آن ائیر شو سے اٹھ کر جانے کا فیصلہ کیوں کیا؟ 

جیو نیوز کی سابقہ اینکر نے میزبان کو  شو سے اٹھ کر جانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ مجھے محسن عباس حیدر کے ساتھ بطور مہمان شو میں مدعو کیا گیا ، (جن پر ان کی سابقہ ​​بیوی فاطمہ سہیل نے 2019 میں گھریلو تشدد کا الزام لگایا تھا)۔

تاہم انہوں نے ندا یاسر سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ محسن کے ساتھ شو میں شرکت نہیں کرسکتیں۔رابعہ نے مزید بتایا کہ انہوں نے گھریلو تشدد کے خلاف ایک واضح مؤقف اختیار کیا ہوا ہے، اگر میری چھوٹی سی کوشش کل میری بیٹی، میری دوست کو بچا سکتی ہے، تو مجھے ان کے لیے یہ کرنا پڑے گا۔

رابعہ نے  مزید کہا کہ اگر وہ  آج اپنے مؤقف پر نہیں کھڑی رہیں  تو  کل اپنے دوستوں، ساتھیوں یا کسی بھی گھریلو تشدد کا شکار عورتوں کا سامنا نہیں کر پائیں گی۔

دوسری جانب اداکارہ متھیرا مارننگ شو میں رابعہ انعم کے مؤقف سے  بالکل خوش نہیں دکھائی دیں۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے رابعہ انعم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ بہت برا ہے ، لوگوں کو تبدیل ہونے کے لیے دوسرا موقع ضرور دینا چاہیے،اگر انہیں کوئی مسئلہ تھا پھر بھی انہیں سب کے سامنے کسی کو ذلیل نہیں کرنا چاہیے تھا'۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بھی کئی بار شوز میں عجیب لگا تو میں نے معذرت کرتے ہوئے شو چھوڑ دیا لیکن کبھی بھی کسی کو اس طرح ذلیل نہیں کیا۔گھریلو تشدد کے خلاف آواز اٹھانا اچھی بات ہے لیکن انہیں اس طرح شو سے نہیں جانا چاہیے تھا۔مجھے محسن کے لیے برا محسوس ہورہا ہے۔ 

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

اس کے علاوہ مرحوم عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے بھی اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اداکاراؤں یا خواتین اینکرز کا کیا  جنہوں نے دوسری خواتین کی زندگیاں برباد کیں؟

واضح رہے کہ 2019 میں محسن کی سابق اہلیہ فاطمہ سہیل نے ادکار پر تشدد کرنے کے الزامات عائد کیے تھے جسے محسن عباس کی جانب سے بے بنیاد قرار دیا گیا تھا اور پھر بعد ازاں دونوں کے درمیان علیحدگی بھی ہوگئی تھی۔

مزید خبریں :