دنیا
Time 09 نومبر ، 2022

میٹا نے 11 ہزار سے زیادہ ملازمین کو کمپنی سے نکال دیا

مارک زکربرگ نے ایک خط میں اس بارے میں بتایا / رائٹرز فائل فوٹو
مارک زکربرگ نے ایک خط میں اس بارے میں بتایا / رائٹرز فائل فوٹو

ٹوئٹر کے بعد میٹا نے بھی ہزاروں ملازمین کو کمپنی سے نکال دیا ہے۔

میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے 9 نومبر کو ایک خط میں بتایا کہ کمپنی کے 13 فیصد عملے یا 11 ہزار سے زیادہ ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے۔

انہوں نے اپنے خط میں بتایا کہ 'آج میں میٹا کی تاریخ میں کی جانے والی سب سے مشکل تبدیلی کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں، میں نے اپنی ٹیم کا حجم 13 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ ہم کمپنی کو زیادہ بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کررہے ہیں۔

ملازمین کو فارغ کیے جانے کی رپورٹ کے بعد میٹا کے حصص کی قدر میں 4 فیصد کمی آئی۔

یہ میٹا کی 18 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہے جب اتنے زیادہ ملازمین کو کمپنی سے فارغ کیا جارہا ہے۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک لمحہ ہے مگر اس کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں تھا، جو لوگ ہمیں چھوڑ کر جارہے ہیں ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جن ملازمین کو نکالا جارہا ہے انہیں 16 ہفتوں کی تنخواہ دی جائے گی جبکہ 6 ماہ تک ہیلتھ انشورنس کے اخراجات بھی کمپنی ادا کرے گی۔

میٹا کی مارکیٹ ویلیو ایک سال پہلے ایک ہزار ارب ڈالرز سے زیادہ تھی جو اب گھٹ کر 270 ارب ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایلون مسک نے ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کرنے کے بعد اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کے 50 فیصد کے قریب ملازمین کو نکال دیا تھا۔

مزید خبریں :