09 نومبر ، 2022
فٹبال ورلڈکپ کا آغاز 20 نومبر سے قطر میں ہورہا ہے۔
یہ مشرق وسطیٰ میں ہونے والا پہلا فٹبال ورلڈکپ ہے جو 20 نومبر سے 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔
تو اگر آپ ارجنٹائن اور لیونل میسی کے مداح ہیں تو آپ کے لیے اچھی خبر ہے۔
ای اے اسپورٹس نے پیشگوئی کی ہے کہ 18 دسمبر کو لیونل میسی ورلڈ کپ ٹرافی کو اٹھائیں گے۔
ای اے اسپورٹس نے 2010 میں اسپین، 2014 میں جرمنی اور 2018 میں فرانس کے ورلڈ کپ جیتنے کی درست پیشگوئی کی تھی۔
اس کمپنی نے ارجنٹائن کی کامیابی کی پیشگوئی فٹبال ورلڈکپ 2022 کے حوالے سے نئی گیم کے سمولیشن کے حوالے سے کی۔
اس پیشگوئی کے مطابق گروپ سی سے ارجنٹائن اور پولینڈ اگلے مرحلے میں پہنچیں گے، جہاں لیونل میسی کی ٹیم ڈنمارک کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچے گی۔
کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈز کو ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست کا سامنا ہوگا جس کے بعد سیمی فائنل میں لیونل میسی کی ٹیم دفاعی چیمپئن فرانس کو کچل کر فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔
پیشگوئی کے مطابق فائنل میں ارجنٹائن کا سامنا روایتی حریف برازیل سے ہوگا اور لیونل میسی کی ٹیم یہ مقابلہ جیت لے گی۔
اس سے قبل آخری بار ارجنٹائن نے 1986 میں فٹبال ورلڈکپ جیتا تھا۔