10 نومبر ، 2022
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، بابر اعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 152 رنز بنائے۔
جواب میں بابر اعظم 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد رضوان 57 رنز بناکر پویلین لوٹے، محمد حارث نے 30 رنز کی ایک اور شاندار اننگز کھیلی جبکہ شان مسعود نے فاتحانہ شارٹ کھیلا۔
گرین شرٹس کی جیت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے لکھا کہ' دنیائے کرکٹ میں بہت کم ٹیمیں پاکستان کی طرح مشکل صورتحال میں گر کر اٹھی ہوں گی، میلبرن ہم دوبارہ آگئے'۔
واضح رہے کہ دوسرا سیمی فائنل آج بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ ایونٹ کا فائنل اتوار کو میلبرن میں ہوگا۔