10 نومبر ، 2022
سابق بھارتی کھلاڑی عرفان پٹھان کو پاکستانیوں کے خلاف کی گئی ٹوئٹ مہنگی پڑگئی اور سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد ریٹائرڈ کرکٹر کو دفاع بھی کرنا پڑ گیا۔
گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کی فتح کے بعد عرفان پٹھان کی جانب سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں درج تھا کہ’ پڑوسیوں جیت تو آتی جاتی رہتی ہے گریس آپ کے بس کی بات نہیں‘۔
ٹوئٹ کے بعد عرفان پٹھان کو ٹوئٹر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی تنقید کا سامنا رہا۔
پاکستان کے سابق جارح مزاج بیٹر عمران نذیر نے عرفان کی ٹوئٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ٹوئٹ دیکھ کر افسوس ہوا جس پر عرفان نے جواب میں لکھا کہ آپ کو جیت کے بعد چند پاکستانیوں کے طرز عمل پر بھی افسوس کا اظہار کرنا چاہیے۔
جس پر عمران نذیر نے عرفان پٹھان کو جواب دیا میں نہیں جانتا کہ وہاں کیا ہوا اور نہ ہی میں کسی کے برے طرز عمل کا دفاع کر رہا ہوں لیکن چند لوگ کسی قوم کی عکاسی نہیں کر سکتے۔
یوٹیوبر ارسلان نصیر نے عرفان پٹھان کو لکھا کہ معافی چاہتا ہوں سر، فائنل میں پہنچ جائیں تب بات کیجیے گا، ادھر آواز نہیں آرہی آپ کی۔
بعد ازاں عرفان نے اپنی ٹوئٹ کی وضاحت میں لکھا کہ یہ ٹوئٹ کھلاڑیوں کے لیے نہیں تھی۔