Time 10 نومبر ، 2022
پاکستان

سی سی پی او لاہور کے چارج نہ چھوڑنے پر پولیس میں بددلی

متعدد پولیس افسران نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو فوری چارج چھوڑنے کا مشورہ دے دیا: ذرائع۔ فوٹو فائل
متعدد پولیس افسران نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو فوری چارج چھوڑنے کا مشورہ دے دیا: ذرائع۔ فوٹو فائل

سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے چارج نہ چھوڑنے پر لاہور  پولیس میں بددلی پھیلنے لگی ہے۔

ذرائع آئی جی آفس کے مطابق ڈی آئی جیز اور متعدد ایس پیز، سی سی پی او کے بجائے سینئر کمانڈ سے احکامات لے رہے ہیں، سی سی پی او کی ہائیکورٹ سے بحالی کے احکامات نہ ملنے کے باوجود وزیراعلیٰ کے اجلاس میں سی سی پی او کی شرکت توہین عدالت ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کو متعدد پولیس افسران کی جانب سے فوری چارج چھوڑنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس افسران کی جانب سے غلام محمود ڈوگر پر پولیس کو سیاست زدہ کرنے کا الزام عائد کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ نئےسی سی پی او لاہور کی تعیناتی کے لیے 3 نام بھی سامنے آگئے ہیں، پولیس افسران راجہ رفعت، عمران احمر اور اشفاق احمد کے ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آرپی او ملتان راجہ رفعت سب سے سینئر پولیس افسر اور 21 ویں گریڈ میں پروموٹ ہوئے ہیں۔

ذرائع آئی جی آفس کا بتانا ہے کہ نئےسی سی پی او لاہور کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پنجاب حکومت جاری کرے گی۔

خیال رہے کہ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو چند روز قبل وفاق نے معطل کیا تھا تاہم انہوں نے معطلی کا فیصلہ عدالت میں چیلنج کر دیا تھا۔

غلام محمود ڈوگر معطلی کے باوجود وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں باوردی شریک ہوئے تھے اور اپنی سیٹ پر کام کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :