15 نومبر ، 2022
300 سال گزرنے کو ہیں لیکن آج تک کوئی بھی 18ویں صدی کے ایک شخص تھامس ویڈرز کا ریکارڈ نہیں توڑ سکا جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی دنیا میں سب سے لمبی ناک جس کی لمبائی 7.5 انچ تھی ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خیال کیا جاتا ہے کہ تھامس اپنی لمبی ناک لوگوں کو دکھانے کے لیے انگلینڈ کے شہر یارک شائر میں گھومے لیکن بدقسمتی سے اس وقت ناک کی تصاویر ریکارڈ کرنے کے لیے کوئی کیمرے نہیں تھے۔
تاریخ سے معلوم ہوتا ہے کہ تھامس ویڈرز جو 1770 کی دہائی میں انگلینڈ میں رہتے تھے ایک سرکس کےرکن تھے، ان کی ناک 19 سینٹی میٹر (7.5 انچ) لمبی تھی۔
برطانوی میگزین 'The Strand' نے 1896میں ایک آرٹیکل شائع کیا جس میں تھامس کی لمبی ناک کے حوالے لکھا گیا۔
آرٹیکل میں لکھا تھا کہ اگر اس طرح کی ناک کبھی بھی فرد کی اہمیت کو ظاہر کرنے میں اہم ہوتی تو اس شخص کو چاہیے تھا کہ وہ تمام رقم برطانیہ کی مشہور Threadneedle Street(جہاں بینک موجود تھے) میں جمع کر لیتا اور پورے یورپ کو فتح کرتا لیکن یا تو اس شخص کی ٹھوڑی بہت کمزور تھی یا اس کی پیشانی بہت نیچی تھی، یا قدرت نے اسے دماغ نہیں دیا تھا۔
اس آرٹیکل میں مزید لکھا گیا کہ یارکشائر کا یہ رہائشی اسی حالت میں مر گیا جس میں وہ رہتا تھا، اسے دماغی طور پر گھٹیا اور بیوقوف بیان کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق کسی آرٹسٹ نے تھامس کے چہرے کا موم کا مجسمہ بناکر انہیں ہمیشہ کے لیے امر کردیا۔یہ مجسمہ امریکی میوزم میں موجود ہے۔
اگرچہ ان کی زندگی کے بارے میں زیادہ معلومات موجود نہیں لیکن کہا جاتا ہے کہ وہ سرکس میں پرفارم کرتے تھے اور ان کی موت اپنی عمر کی 50 ویں دہائی کی شروعات میں ہوئی۔
حال ہی میں تھامس کے مجسمے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، صارفین اتنی لمبی ناک دیکھ حیران ہوئے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
رپورٹس کے مطابق 7.5 انچ کی مبینہ ناک کی وجہ سے تھامس ویڈرز کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈز کی کتاب میں بھی درج ہے۔