16 نومبر ، 2022
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی کا کہنا ہے کہ عمرنامی شخص کو گھڑی بیچی تو کوئی ویڈیو ثبوت بھی ہونا چاہیے۔
عمران خان نے سعودی ولی عہد کی گھڑی، انگوٹھی اور کف لنکس کوڑیوں میں بیچ ڈالے ، تحفے خریدنے والا جیو نیوز پر سامنے آگیا ہے۔توشہ خانہ کے تحفے دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق نے 20 لاکھ ڈالرز میں خریدے تھے۔
عمران خان کو سعودی ولی عہد سے جو قیمتی گھڑی ، انگوٹھی اور دیگر تحفے بطور وزیراعظم 2019 میں ملے تھے وہ انہوں نے فروخت کردیے تھے۔
تحفے خریدنے والی دبئی کی معروف کاروباری شخصیت عمر فاروق نے جیو نیوز کے پروگرام "آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ" میں وہ تحائف دکھائے۔
عمرفاروق نے شاہزیب خانزادہ کو بتایا کہ 2019 میں عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے رابطہ کیا، جس کے بعد عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان تحفے لے کر دبئی ان کے دفتر آئیں، ان کی ڈیمانڈ پچاس لاکھ ڈالرز تھی، تاہم انہوں نے سارے تحفے 20 لاکھ ڈالرز میں خرید لیے اور فرح گوگی کو رقم کیش میں ادا کی۔
تاہم اب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فرح خان گوگی نے کہا ہے کہ جھوٹے شخص عمرفاروق کو کوئی ثبوت تو لانا چاہیے، عمر کو میں نےکبھی نہ دیکھا اور نہ میں اس کو جانتی ہوں، میرے اوپر ذاتی حملے کیے اور کاروبار کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عمر نامی شخص نے مجھ پر جھوٹا الزام لگایا، شہزاد اکبر سے میری بات نہیں ہوئی اور نہ ہی کبھی ان سے ملاقات ہوئی۔