Time 16 نومبر ، 2022
پاکستان

سکھر حیدرآباد موٹر وے منصوبےکی رقم میں پونے 2 ارب روپےکی کرپشن کا انکشاف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سکھر حیدرآباد موٹر وے منصوبےکی رقم میں پونے 2 ارب روپےکی مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، کرپشن کے الزام میں ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشید کو عہدے سے فارغ  اور اسسٹنٹ کمشنر نیو سعید آباد منصورعباسی کو معطل کردیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق زمین کی خریداری کے لیے این ایچ اے نے سال 2020 میں 4  ارب 9 کروڑ روپے جاری کیے، سابق ڈپٹی کمشنر نےکرنٹ اکاؤنٹ کے بجائے سیونگ اکاؤنٹ میں رقم منتقل کرائی، سیونگ اکاؤنٹ کی وجہ سے 2 سال تک منصوبےکے لیے رقم نہیں نکلوائی جاسکی۔

2 سال بعد سابق ڈپٹی کمشنر نے لینڈ اکیوزیشن افسرکے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کی، لینڈ اکیوزیشن افسر نے 4 ارب 9 کروڑ میں سے ایک ارب 82  لاکھ نکلوائے، لینڈ اکیوزیشن افسر کا دعویٰ ہےکہ 1 ارب 82 لاکھ کی 300 ایکڑ اراضی خریدی۔

دستاویزات میں انکشاف ہوا کہ رقم دو سال تک اکاؤنٹ میں رہنے پربینک سے 54 کروڑ روپےکا منافع ہوا، اس حوالے سے سابق  ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشیدکا کہنا ہےکہ 54 کروڑ روپے منافع کی رقم بھی جوں کی توں پڑی ہے۔

فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے انکشاف پر چیف سیکرٹری سندھ نے فنڈز کی ٹرانزیکشن  پر انکوائری کمیٹی بنادی ہے۔

کمیٹی میں ایڈیشنل سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری سندھ پبلک سروس کمیشن شامل ہیں،کمیٹی مشتبہ ٹرانزیکشن اور فنڈز کے غلط استعمال کا جائزہ لےگی،کمیٹی رقم ادائیگی کا طریقہ کار  اور  رقم کتنے افراد کو دی گئی، ان کا جائزہ  لےگی۔

مزید خبریں :