فیکٹ چیک: شاہزیب خانزادہ کے پروگرام کو نہ سینسر کیا گیا نہ ہی یوٹیوب سے ہٹایا گیا

جیو نیوز کے ڈائریکٹر پروگرامنگ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس پروگرام کو برطانیہ میں مکمل طور پر نشر کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیاستدانوں نے سوشل میڈیا پر  یہ دعویٰ کیا ہے کہ جیو ٹیلی ویژن نے یوٹیوب سے ایک پرائم ٹائم پروگرام ہٹا دیا ہے، جس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سرکاری تحائف کو فروخت کیےجانے کے بارے میں تحقیقات کی گئی تھیں۔

یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔

دعویٰ

17 نومبر کو اپوزیشن پارٹی، پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں نے یہ الزام لگایا کہ جیو ٹیلی ویژن نے اپنے یوٹیوب چینل سے اپنے پرائم ٹائم شو،” آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “کی دونوں اقساط کو ہٹا دیا ہے۔

ان اقساط میں صحافی،شاہزیب خانزادہ نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو 2019 ء میں دیے گئے تحائف کے تنازع پر سوالات اٹھائے، جس پر سابق وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں جواب دیا کہ یہ کہانی ”بے بنیاد“ ہے اور انہوں نے اپنے وکلاء سے بات کی ہے اور وہ جیواور شاہزیب خانزادہ کیخلاف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں بھی قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتے ہیں۔

آج پاکستان تحریک انصاف کےترجمان برائے معیشت و خزانہ مزمل اسلم نے ٹوئٹر پر سوال کیا کہ ”جیو نے یوٹیوب سے پروگرام کیوں ڈیلیٹ کیا؟ یو کےکی نشریات میں فاروق عمر کا حصہ کیوں سینسر کر رہا ہے؟ واضح طور پر آزادی اظہار والے لوگ پُراعتماد نہیں ہیں۔ “

اس ٹوئٹ کو 1000سے زائد مرتبہ ری ٹوئٹ اور  2000 سے زائد مرتبہ لائک کیا گیا۔

اس کے علاوہ سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری جو کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما بھی ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ توشہ خانہ کیس سے متعلق جیو کا پروگرام لندن میں چینل نے سینسر کر دیا ہے۔

حقیقت

یہ الزامات بالکل غلط ہیں۔

جیو فیکٹ چیک نے کراچی میں جیو ٹیلی ویژن کے پروگرامنگ ڈائریکٹر معاذ احسن سے رابطہ کیا۔ جیو فیکٹ چیک نے ان سے پوچھا کہ کیا 15 اور 16 نومبر کو نشر ہونے والے پروگرام کی ویڈیوز  یوٹیوب سے ہٹا دی گئی ہیں؟

انہوں نے جواب دیا کہ ان ویڈیوز کو یوٹیوب سے نہیں ہٹایا گیا۔

جیو فیکٹ چیک کو  یوٹیوب پر موجود دونوں پروگراموں کی ویڈیوز بھی ملیں۔ 15 نومبر کو نشر ہونے والے پروگرام کا دورانیہ 41 منٹ 13 سیکنڈ ہے اور جو پروگرام 16 نومبر کو نشرکیا گیا اس کا دورانیہ 42 منٹ 32 سیکنڈ ہے۔

جیو فیکٹ چیک نےمعاذ احسن سے یہ بھی پوچھا کہ کیا دونوں شوز مکمل طور پر ٹیلی ویژن چینل کی برطانیہ ٹرانسمیشن میں نشر کیے گئے تھے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ ہو چکے ہیں۔

اسی دوران جیو ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر اظہر عباس نے بھی ٹویٹ کیا کہ ”اس میں ذرا بھی سچائی نہیں ہے کہ شاہزیب خانزادہ کے پروگرام کو یوٹیوب چینل سے ہٹا دیا گیا ہو یا جیو کے انٹرنیشنل بیم پر سینسر کیا گیا ہو۔ جیو چینل شاہزیب خانزادہ کے ساتھ کھڑا ہے، جیسا کہ ہمیشہ اپنے صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہوتا آیا ہے۔“

ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔