18 نومبر ، 2022
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ن لیگ کے وفد کے ہمراہ آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے رات گئے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اہم تعیناتی کے حوالے سے مشاورت کا آغاز ہو گیا،ملاقاتوں میں پی ٹی آئی لانگ مارچ پر حکومتی اتحاد کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ اسحاق نے پہلے ن لیگ کے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت معاشی صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے نواز شریف کا خصوصی پیغام بھی مولانا تک پہنچایا۔بعد ازاں وزیر خزانہ وفد کے ہمراہ زرداری ہاؤس آئے اور سابق صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو بھی موجود تھے۔
پی پی ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیاسی صورتحال، اہم تقرری و باہمی دلچسپی کے امور پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے آصف زرداری کو نوازشریف کا خصوصی پیغام پہنچایا، ذرائع نے دعوی کیا ہے حکومتی اتحاد نے آئندہ دنوں ہونے والی اہم ترین تعیناتی کے حوالے سے باقائدہ مشاورت شروع کردی ہے۔