فیکٹ چیک: صحافیوں، میڈیا مالکان اور سیاستدانوں کے واٹس ایپ چیٹ کے اسکرین شاٹس جعلی ہیں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)سے منسلک کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے الزام عائد کیا ہے کہ صحافیوں، میڈیا مالکان اور سیاست دانوں کے درمیان ہونے والی نجی گفتگو کے اسکرین شاٹس لیک ہو گئے ہیں

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسلک کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی صحافیوں، میڈیا مالکان اور سیاست دانوں کے درمیان ہونے والی نجی گفتگو کے اسکرین شاٹس لیک ہو گئے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ اسکرین شاٹس جعلی ہیں۔

دعویٰ

سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے ٹوئٹرپر رپورٹرز، ٹیلی ویژن چینل کے مالکان اور سیاست دانوں کے درمیان واٹس ایپ کی مبینہ گفتگو کے متعدد اسکرین شاٹس پوسٹ کیےگئے ہیں۔ ان اسکرین شاٹس میں صحافیوں سے یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں حقائق بیان کریں۔

ان اسکرین شاٹس کو سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت نے بھی ری ٹوئٹ کیا ہے۔

حقیقت

یہ اسکرین شاٹس جعلی ہیں۔

جیو فیکٹ چیک ان تمام صحافیوں، سیاست دانوں اور میڈیا مالکان تک پہنچا، جن کی مبینہ چیٹ کے اسکرین شاٹس کا سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا۔ ان سب نے اس طرح کی کسی بھی قسم کی گفتگو کی تردید کی ہے۔

وائرل اسکرین شاٹس کو غور سے دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ ان تمام اسکرین شاٹس میں ایک ہی طرح کا واٹس ایپ بیک گراؤنڈ استعمال کیا گیا ہے، جبکہ بات چیت مختلف افراد کے درمیان ہو رہی ہے۔

ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ اسکرین شاٹس ڈبل سِم والے موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں، جو کہ زیادہ تر اُن افراد کے پاس ہیں ہی نہیں ، جن کے نام سے ان اسکرین شاٹس کو منسوب کیا گیا ۔

جیو نیوزکے کرنٹ افیئرز  پروگرام ” آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور عمر فاروق ظہورکے درمیان واٹس ایپ چیٹ نشر ہونے کے فوراً بعد یہ اسکرین شاٹس ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے۔

عمر فاروق ظہور نے فواد چوہدری سے گفتگو کے اسکرین شاٹس خود جیو نیوز کے ساتھ شیئر کیے تھے۔ اُن اسکرین شاٹس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری دبئی میں مقیم کاروباری شخصیت سے بزنس کے معاملات اور کابینہ کی کارروائی پر بات کر رہے تھے۔

اِس خبر کے شائع ہونے تک جیو نیوزکے پروگرام میں دکھائے جانے والے واٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو کے اسکرین شاٹس پر فواد چوہدری نے کوئی تردید نہیں کی ہے۔

ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔