20 نومبر ، 2022
نو منتخب برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے یوکرین کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے موقعے پر دارالخلافہ کیف میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد یوکرین کیلئے 50 ملین پاؤنڈ دفاعی امداد کا اعلان کیا۔
اس موقع پر برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کا کہنا تھا کہ یوکرین کے دارلخلافہ کیف میں پہنچ کر مسرت محسوس کر رہا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ برطانیہ یوکرین کے ساتھ ہر مشکل میں کھڑا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے جس طرح برطانیہ حالیہ جنگ کے آغاز سے یوکرین کے ساتھ کھڑا رہا ہے، اور میں آج یہاں یہ کہنے کیلئے موجود ہوں کہ ہم اور ہمارے اتحادی اس بربریت اور جنگ کے خاتمے اور قیام امن تک یوکرین کے ساتھ اسی طرح کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی افواج، روسی افواج کو اپنے ملک میں کئی علاقوں سے بھگانے میں کامیاب ہوئی ہیں جس کے جواب میں روس کی جانب سے معصوم شہریوں پر بمباری کی گئی، ہم آج یوکرین کو ائیر ڈیفنس سسٹم، اینٹی ائیر کرافٹ گنز، اینٹی ڈرون آلات اور ریڈارز فراہم کر رہے ہیں۔
اس موقع پر یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک برطانیہ یوکرین کا ایک مضبوط اتحادی رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی جانب سے یوکرین کیلئے اعلان کردہ 50 ملین پاؤنڈ کی دفاعی امداد میں 125 اینٹی ائیرکرافٹ گنز، ایرانی ڈرونز کا مقابلہ کرنے کیلئے ٹیکنالوجیکل سپورٹ جس میں درجنوں ریڈارز اور اینٹی ڈرون الیکٹرانک جنگی ساز و سامان شامل ہیں۔