ویڈیوز، تصاویر: فلم فیئر میں پاکستانی اور بالی وڈ فنکاروں کی ملاقات

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

دبئی میں ہونے والی 'فلم فیئر مڈل ایسٹ اچیورز نائٹ' ایوارڈز کی تقریب میں بالی وڈ فنکاروں کے علاوہ پاکستان کے نامور اداکاروں نے بھی شرکت کی جس میں انہیں مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔

ایوارڈز کی تقریب میں پاکستانی اداکارہ سجل علی، ہمایوں سعید اور میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ کو ایوارڈز دیے گئے جس کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے زیر گردش ہیں۔

سجل علی کو پاکستانی سنیما کا سب سے مقبول و ہردلعزیز چہرہ ہونے کا ایوارڈ دیا گیا۔

سجل علی نے’فلم فیئر مڈل ایسٹ اچیورز نائٹ‘ کے موقع پر ساتھی اداکار ہمایوں سعید کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

اداکارہ نے  اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں ہمیشہ سے یہ چاہتی تھی کہ مجھے کبھی موقع ملے تو میں اس ایک شخص کا شکریہ ضرور ادا کروں گی، جنہوں نےمجھ پر سب سے پہلے یقین رکھا اور مجھے پہلی بار مجھے بہت سارے لوگوں کے سامنے پَرفارم کرنے کا موقع فراہم کیا'۔

اُنہوں نے انکشاف کیا کہ وہ شخص جنہوں نے مجھے یہ موقع فراہم کیا وہ 'ہمایوں سعید' تھے۔

اس کے علاوہ سجل علی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بالی وڈ کے شوخ و چنچل اداکار رنویر سنگھ کے ہمراہ بھی تصویر پوسٹ کی جس میں اداکارہ کے بھائی کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

سجل علی نے آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بڑی بیٹی اور بالی وڈ میں اپنی دوست جھانوی کپور سے بھی ملاقات کی۔

اس کے علاوہ فہد مصطفیٰ نے بھی رنویر سنگھ سے خصوصی ملاقات کی اور دونوں اداکار ایک دوسرے سے گلے بھی ملے۔

فہد مصطفیٰ نے ایوارڈ لیتے ہوئے تقریب میں موجود بالی وڈ اداکار گووندا کا نام لیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے گووندا کی وجہ سے اداکاری کا آغاز کیا۔

دبئی میں ہونے والی ایوارڈز کی اس رنگا رنگ تقریب میں بالی وڈ کے کئی فنکار شریک ہوئے جن میں کامیڈین بھارتی سنگھ، شہناز گل، نرگس فخری، منیش پال، ہیما مالنی و دیگر شامل ہیں۔

مزید خبریں :