Time 20 نومبر ، 2022
پاکستان

تسنیم حیدر سے رابطہ ہوگیا، اسے شامل تفتیش کرلیاہے، مشیر داخلہ پنجاب

تسنیم حیدر کے اقبالی بیان کے بعد ن لیگ کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت سےپوچھ گچھ ہوگی: عمر سرفراز چیمہ— فوٹو:فائل
تسنیم حیدر کے اقبالی بیان کے بعد ن لیگ کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت سےپوچھ گچھ ہوگی: عمر سرفراز چیمہ— فوٹو:فائل

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے مشیر برائے داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف پر ارشد شریف کے قتل کا الزام لگانے والے تسنیم حیدر سے رابطہ ہوگیا اور اسے شامل تفتیش کرلیاہے۔

لندن میں تسنیم حیدر نامی شخص نے سابق وزیراعظم نوازشریف پر سینیئر صحافی ارشد شریف اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

اس حوالے سے مشیر برائے داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ تسنیم حیدر سے رابطہ ہوگیا اور اسے شامل تفتیش کرلیاہے۔

انہوں نے کہا کہ تسنیم حیدر کے اقبالی بیان کے بعد ن لیگ کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت سےپوچھ گچھ ہوگی۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ لندن پلان سے متعلق مبینہ ویڈیو میں انکشافات لرزہ خیز ہیں، شوٹرز سے ہمارے لیڈر کو قتل کرانے کی سازش  کے کرداروں سے پردہ اٹھ چکا لہٰذا عدلیہ سے اعلیٰ سطح کا کمیشن بناکرتحقیقات کامطالبہ کرتےہیں۔

اُدھر ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تسنیم حیدرکا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں ہے، تسنیم حیدر کے پاس ثبوت ہیں تو جے آئی ٹی کے قانونی فورم پرپیش کریں، تصویر میں نظر آنے والا شخص پی ٹی آئی لندن کا آرگنائزر ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فیک نیوز سے ارشد شریف کے اصل قاتلوں سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی۔

ن لیگ نے اعلان کیا کہ تسنیم حیدر کے الزامات پر انہیں برطانوی عدالت لے کر جائیں گے۔

مزید خبریں :