کاروبار
Time 21 نومبر ، 2022

سعودی وزیر توانائی نے اوپیک اجلاس میں تیل پیداوار بڑھانے پر بات چیت کی تردید کردی

سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ اوپیک اجلاس میں تیل کی پیداوار میں اضافے پر بات نہیں کر رہے—فوٹو: فائل
سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ اوپیک اجلاس میں تیل کی پیداوار میں اضافے پر بات نہیں کر رہے—فوٹو: فائل

سعودی وزیر توانائی نے اوپیک اجلاس میں تیل پیداوار بڑھانے پر بات چیت کی تردید کی ہے۔

سعودی وزیر توانائی عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ اوپیک اجلاس میں تیل کی پیداوار میں اضافے پر بات نہیں کر رہے، سب جانتے ہیں اوپیک پلس میٹنگ سے پہلے کسی فیصلے پر بات نہیں کرتا، اوپیک پلس کی یومیہ 2 ملین بیرل کی کٹوتی 2023 کے آخر تک رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ رسد اور طلب میں توازن کیلئے  پیداوار میں کمی کی ضرورت پر مداخلت کیلئے تیار رہیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی اخبار نے سعودی عرب اور اوپیک ملکوں کے حوالے سے تیل کی پیداوار بڑھانے پر بات شروع کرنےکی خبردی تھی اور کہا تھا کہ اس حوالے سے اوپیک پلس ممالک کا اجلاس 4 دسمبر کو ہوگا۔

خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور دوسرے اوپیک ملکوں نے تیل کی عالمی پیداوار بڑھانے پربات چیت شروع کر دی ہے، امریکا پہلے ہی تیل کی قیمت بڑھنے پر پریشان اور تیل کی عالمی پیداوار میں اضافہ چاہتا ہے۔

معروف امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق اوپیک پلس ممالک تیل کی پیداوار میں پانچ لاکھ بیرل یومیہ اضافے پر بات کریں گے، اس مقصد کے لیے ان ملکوں کا اجلاس 4 دسمبر کو ہو گا۔

مزید خبریں :