23 نومبر ، 2022
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اہم تقرری کی سمری سے متعلق صدر سے رابطے میں ہوں اور وہ مجھ سے مشورہ کریں گے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھاکہ صدر عارف علوی میرے ساتھ رابطے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اہم تقرری کی سمری سے متعلق صدر سے رابطے میں ہوں اور وہ تعیناتی کی سمری پر مجھ سے مشورہ کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ اہم تقرری پر وزیراعظم ایک مفرور کے پاس پوچھنے کیلئے جاتا ہے، میں تو اپنی جماعت کا سربراہ ہوں تو صدر مجھ سے ضرور بات کریں گے، میں نواز شریف کی نیت پر شک کرتاہوں۔
عمران خان کا مزید کہنا تھاکہ میراکیا تعلق کہ کون آرمی چیف بنے؟ جو میرٹ پر بہترین ہے اسے بنادو، مجھےکون سے اپنے کرپشن کیس ختم کرنے ہیں یا الیکشن جیتنے کیلئے ان کی مدد چاہیے، نواز شریف جسے بھی آرمی چیف چنےگا وہ پہلے دن سے متنازع ہوجائےگا، نوازشریف امیدکررہا ہے ایساآدمی لاؤں گا جو عمران خان اور پی ٹی آئی کوکیسےختم کرے۔
انہوں نے کہا کہ صدر اورمیں نے فیصلہ کیا ہے ہم قانون کے اندر رہ کرکھیلیں گے جو بھی کریں گے آئین اور قانون کے درمیان میں رہے گا، یہ نوے کی دہائی کے سیاستدان ہیں ان کا وقت ختم ہوگیا ہے، یہ صرف یہ امید رکھتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ کے کندھے پر چڑھ کر آئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب وزیراعظم ہاؤس کو آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری موصول ہوئی اور کسی بھی وقت اس سمری پر فیصلہ متوقع ہے۔