پاکستان
Time 24 نومبر ، 2022

عارف علوی نے آج سیاسی دانشمندی کا ثبوت دیا: خواجہ آصف صدر مملکت کے معترف

وزیر  دفاع خواجہ آصف نے عارف علوی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت نے آج جو کچھ کیا  وہ سیاسی طورپر دانشمندی کا ثبوت دیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر نے انکشاف کیا کہ صدر عارف علوی عمران خان سے ملاقات کیلئے اسلام آباد سے لاہور وزیراعظم کے طیارے میں گئے، اس پر خواجہ آصف نے کہا کہ جہاز جو ہے وہ پرائم منسٹر کا ہی استعمال کرتے ہیں۔

حامد میر نے کہا کہ میں تو اس بات پر تالی بجاؤں گا جس پر خواجہ آصف نے کہا کہ میں بھی بجاؤں گا۔

علاوہ ازیں حامد میر کے اس سوال پر کہ اسی پروگرام میں آپ نے کہا تھا کہ آپ عارف علوی کو اپنا صدر نہیں مانتے آج ان کی تعریف کر رہے ہیں، خواجہ آصف نے جواب دیا کہ جب وہ پی ٹی آئی کے ورکر کی حیثیت سے کام کریں گے تو میرا وہ کہنا بنتا ہے اور جب وہ صدر مملکت یا سپریم کمانڈر کی حیثیت سے کام کریں گے تو میرا سراہنا بھی بنتا ہے۔

حامد میر کے سوال پر کہ اب آپ کی صدر سے ناراضگی ختم ہوگئی ہے ؟ خواجہ آصف نے جواب دیا کہ میرا خیال ہے کہ اب حالات اس قسم کے ہونے چاہئیں کہ باقی 8 ، 10 مہینے ہیں اس میں ہم معاشی بحالی کی طرف جائیں۔

علاوہ ازیں پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ صدر مملک کا عہدہ غیرسیاسی اور وزیراعظم کا عہدہ سیاسی ہے، سکیورٹی سے متعلق اداروں کو اعتراض نہ ہو تو ہمیں پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ پر مسئلہ نہیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اللہ کی شان ہے اب انھوں نے دھرنا بھی نوازشریف پارک میں دینا ہے، جو کہتا ہے کہ عوام کا سمندر لے کر آؤں گا دیکھتے ہیں یہ کیسے سمندر لے کر آتا ہے ۔

مزید خبریں :