27 نومبر ، 2022
انگلش کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی۔
بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچی جہاں پی سی بی حکام نے ٹیم کا استقبال کیا۔
انگلش کرکٹرز اتوار کو آرام کے بعد پیر سے کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔
انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ نو دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں ہوگا۔
انگلش کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے جس میں مہمان ٹیم نے پاکستان سے 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔