29 نومبر ، 2022
پشاور میں پی ٹی آئی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور خیبر پختونخوا وزیرزادہ ،ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی آسیہ خٹک اور ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان نے صوبائی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
معاون خصوصی برائے اقلیتی امور خیبر پختو نخوا وزیر زادہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان کے اعلان پر صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ وزیراعلیٰ کو بھیج دیا ہے۔ عمران خان کا جو فیصلہ ہوگا ہمیں منظور ہوگا ہم چاہتے ہے دوبارہ انتخابات ہوجائیں۔
پی ٹی آئی کی ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی آسیہ خٹک نے اسپیکر کے نام استعفیٰ لکھ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دیتی ہوں۔ صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دینے پر پارٹی کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔
اس کے علاوہ ڈپٹی اسپیکر خیبر پختو نخوا اسمبلی محمود جان نے بھی اپنا استعفیٰ لکھ دیا۔ محمود جان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے احکامات پر ڈپٹی اسپیکر شپ سمیت بطور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی سے بھی استعفیٰ دیتا ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے بعد لاہور زمان پارک کے باہر میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کردی گئی ہے، پارلیمانی پارٹی کی مشاورت کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی کو تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔