29 نومبر ، 2022
لاہور: چوہنگ میں ڈھائی سالہ بچے کے اغوا اور قتل کیس کی تفتیش میں کالے جادو کا پہلوبھی شامل ہوگیا۔
مقتول بچے کے سینے پر تیز دھار آلے سے بے ربط تحریر ملی ہے ، پولیس نے تحریر ڈی کوڈ کرنے کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کرلیں۔
ڈھائی سالہ ذیشان علی کی لاش پیر کے روز چوہنگ قبرستان کے قریب کھیتوں سے ملی تھی، ذیشان گھر سے کھیلنے نکلا تھا لیکن واپس نہ آیا، اگلے دن اس کی لاش مل گئی۔
تفتیشی حکام کے مطابق مقتول بچے کے سینے پر تیز دھار آلے سے بے ربط تحریر تھی جس کے الفاظ کالے جادو کی طرف اشارہ کرتےہیں ، اس تحریر کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے ماہرین کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔