30 نومبر ، 2022
بالی وڈ کی دلکش اداکارہ کریتی سینن نے اپنے اور تیلگو اداکار پربھاس کے درمیان کسی تعلق سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں بالی وڈ اداکار ورون دھون نے ایک ریئلٹی شو پر کریتی سینن اور پربھاس کے درمیان تعلقات کا اشارہ دیا تھا تاہم اب اداکارہ نے ایسی تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے۔
اداکارہ کریتی سینن نے اپنے انسٹاگرام کے ذریعے گردش کرتی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ ان کے کو اسٹار ورون دھون ریئلٹی شو میں کچھ زیادہ ہی جذباتی ہو گئے تھے اور ان کا کیا ہوا مذاق افواہوں کا سبب بن گیا۔
انہوں نے لکھا ’’نہ یہ پیار ہے‘‘ اور ’’نہ ہی پی آر‘‘ ہمارا ’’بھیڑیا‘‘ ریئلٹی شو پر کچھ زیادہ ہی جذباتی ہو گیا تھا۔
کریتی نے لکھا کہ اس سے پہلے کہ کوئی پورٹل میری شادی کی تاریخ کا اعلان کر دے میں آپ کا یہ غبارہ ہی پھوڑ دیتی ہوں، یہ افواہیں بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ اپنی نئی فلم 'بھیڑیا' کی تشہیر کیلئے اداکارہ کریتی سینن اور ورون دھون بھارتی ڈانس شو 'جھلک دکھلا جا' کے مہمان بنے جہاں ورون دھون نے نام لیے بغیر کریتی سینن اور تیلگو انڈسٹری کے سپر اسٹار پربھاس کے تعلقات سے متعلق اشارہ دیا تھا۔