2 سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام، خاتون گرفتار

کراچی کی ٹیپو سلطان پولیس نے 2 سالہ بچی کے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی اور  خاتون کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک 7 سے 2 سالہ بچی رامین سعد پُراسرار طور پر لاپتہ ہوئی، سعد فیصل نے اپنی بچی کی گمشدگی کی اطلاع فوری طور پر ٹیپو سلطان پولیس کو دی، ایس ایچ او ٹیپو سلطان عظمیٰ خان پولیس پارٹی کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچیں۔

ایس ایچ او عظمیٰ خان نے بتایا کہ پولیس نے گھر کے سامنے لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی مدد لی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں کم سن بچی کو خاتون کی انگلی پکڑ کر جاتے دیکھا گیا، فوٹیج کی مدد سے بچی کے اغواء اور واردات میں ملوث خاتون کا سراغ ملا، پولیس پارٹی نے فوری کارروائی کرکے ملزمہ شائستہ زوجہ شہباز کو حراست میں لے کر بچی بازیاب کرلی۔

عظمیٰ خان کا کہنا ہے کہ ملزمہ شائستہ جائے وقوع کے قریب کے گھر کی ملازمہ ہے، بچی کے والد سعد فیصل نے اغوا کار خاتون کو معاف کردیا اور ملزمہ کیخلاف قانونی کارروائی سے انکار کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کو والدین کے حوالے کردیا گیا ہے اور  مزید کارروائی کیلئے ملزمہ زیر حراست ہے۔

مزید خبریں :