فیکٹ چیک: شان ٹیٹ کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سیلاب زدگان کی امداد کا اعلان

پاکستانی بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے سیلاب زدگان کی امداد کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ بولنگ کوچ شان ٹیٹ کا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

خبریں تھیں کہ پاکستان کے بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے ٹوئٹر پریہ اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کریں گے۔

اس جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ شان ٹیٹ کا ہے ۔

دعویٰ

28 نومبر کو سابق آسٹریلوی کرکٹر شان ٹیٹ کے نام سے ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں لکھا تھاکہ ”میں پی سی بی سے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ پاکستان فلڈ ریلیف کو دے رہا ہوں“۔

اس ٹوئٹ کو اب تک 862 مرتبہ ری ٹویٹ اور 11900مرتبہ لائک کیا گیا۔

بعد میں اسی اکاؤنٹ کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹ میں ٹوئٹر صارفین سے ” شان ٹیٹ“ کے نام سے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کرنے کا بھی کہا گیا۔

حقیقت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جیو فیکٹ چیک کو بتایا کہ بولنگ کوچ شان ٹیٹ کا ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر میڈیا مینیجر رضا راشد کچلو نے فون پر کہاکہ”یہ فیک اکاؤنٹ ہے، پی سی بی نے رپیٹڈلی[ بار بار] ٹوئٹر کو بتا دیا ہے ،رپورٹ کیا ہوا ہے، آن لائن بھی، آفیشلی بھی ،کہ یہ فیک اکاؤنٹ ہے، شان ٹیٹ کا اکاؤنٹ نہیں ہے یہ۔“

ہمیں @GeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔