01 دسمبر ، 2022
یوٹیوب نے سال کے اختتام کے موقع پر مقبول ویڈیوز، کریئٹرز، بریک آؤٹ کریئٹرز اور ٹاپ شارٹس کی فہرست جاری کردی ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے ہر سال پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں سب سے زیادہ مقبول عام ویڈیوز اور دیگر کی فہرستیں جاری کی جاتی ہیں۔
پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈنگ فہرست دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ لوگ یوٹیوب پر ڈرامے اور فلمیں دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔
2022 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی یا ٹرینڈ کرنے والی ٹاپ 10 میں سے 4 ویڈیوز ڈراموں کی ہیں، جبکہ ایک ٹیلی فلم اور ایک فلم ہے۔
اس فہرست کے مطابق 2022 میں پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو جیو ٹی وی کی ٹیلی فلم روپوش ہے۔
اس ٹیلی فلم کو 19 کروڑ سے زیادہ بار یوٹیوب پر دیکھا گیا۔
ڈائریکٹر علی فیضان کی اس ٹیلی فلم میں ہارون کادوانی اور کنزا ہاشمی نے مرکزی کردار ادا کیے جبکہ محمود اسلم، صبا فیصل، حنا خواجہ بیات، سیفی حسن اور شبیر جان نے بھی اہم کردار ادا کیے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 2021 میں بھی جیو ٹی وی کے ڈرامے خدا اور محبت سیزن 3 کی پہلی قسط سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو تھی۔